حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ولادتِ با سعادتِ سیدہ فاطمۃ الزہرا ؑ کی مناسبت سے جہاں دنیا بھر میں محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے وہیں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے تحت بھی یومِ مادر کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں حوزہ علمیہ قم سے فارغ التحصیل معلمات اور دیگر علمائے کرام نے سیرت زہراء سلام اللہ علیہا پر روشنی ڈالی۔
خاتون جنت خیر النساء العالمین سیدہ فاطمۃ الزہرا ؑ کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے جن مقامات پر جشن میلاد سیدہ ؑ کے سلسلے میں محافل منعقد ہوئیں، ان میں مرکزی امام باڑہ بڈگام، قدیمی امام باڑہ حسن آباد اور انجمن کے زیرِ انتظام مکاتب شامل ہیں۔
اس موقع پر علمائے کرام نے حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت اور کردار، عمل و مقام اور منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے تمام خواتین کے لئے حضرت زھراء سلام اللہ علیھا کی ذات کو نمونۂ عمل قرار دیا۔
قدیمی امام بارگاہ حسن آباد میں انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمين آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے جناب سیدہ ؑ کی شان و عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جناب سیدہ ؑ دنیائے بشریت کی برگزیدہ خواتین میں اعلیٰ ترین مقام پر فائز ہیں، جناب سیدہ ؑ تمام اولین و آخرین خواتین عالم کی سردار ہیں، جبکہ دیگر برگزیدہ خواتین صرف اپنے زمانے کی عورتوں کی سردار تھیں۔ پیغمبر اکرم ؐ متواتر اپنے قول و عمل سے جناب سیدہ ؑ کی شان اور عظمت کو واضح کرتے رہے، تاکہ مسلمان اس با برکت خاتون کے کردار و عمل سے فیض پا کر صراط المستقیم پر گامزن رہ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جناب سیدہ ؑ کی ذات اقدس صنف نازک کے حقیقی مقام و مرتبے کی آئینہ دار ہے، شہزادی کونین ؑ سے محبت و عقیدت کا تقاضہ یہ ہے کہ خواتین ملت انفرادی اور اجتماعی زندگی کے ہر موڑ پر دین و شریعت کی پابندی اور پاسداری کریں اور افراد ملت شریعت میں خواتین کے لئے تفویض کئے گئے حقوق کی ادائیگی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔
آغا صاحب نے کہا کہ برگزیدہ دینی شخصیات کا تذکرہ و تفکر ایمان و عقیدے کا ایک لازمی جزو اور سرتازگی کا بہترین ذریعہ ہے۔
آپ کا تبصرہ